ابنا: مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ امین شہیدی نے ڈیرہ اسماعیل خان میں شیعہ رہنماء ملک غلام احمد کی شہادت پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کرتے ہوئے ٹارگٹ کلنگ کی اس سفاکانہ واردات کی پر زور مذمت کی ہے، اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ خیبر سے لیکر کراچی تک مکتب تشیع کے افراد کو ایک تسلسل کے ساتھ چن چن کر شہید کیا جا رہا ہے، ٹارگٹ کلنگ کا یہ سلسلہ فی الفور بند کرایا جائے، انہوں نے کہا کہ ملک کے کونے کونے میں انسانی خون سے ہولی کھیلی جا رہی ہے لیکن دہشتگردوں کا راستہ روکنے والا کوئی نہیں، یوں محسوس ہوتا ہے کہ حکومت عوام کو تحفظ فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے، اگر حکومت اور حکومتی ادارے صحیح معنوں میں اپنی ذمہ داریاں پوری کریں تو کسی بھی شرپسند کو مذموم کارروائی کا موقع نہ ملے لیکن ہمارے ملک میں عملی طور پر جنگل کا قانوں رائج ہے، بے گناہوں کو پکڑا جاتا ہے اور سفاک قاتلوں کی پشت پناہی کی جاتی ہے، انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے عفریت پر قابو پانے کے لیے حکمرانوں کو اپنے رویہ میں تبدیلی لانا ہو گی، انہوں نے شہید ملک غلام محمد کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے شہید کے بلندی درجات کی دعا کی، انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے شہداء کے خون کی وارث ہے اور انشاءاللہ شہدائے ملت جعفریہ کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔
........
/169